ایران کیساتھ جنگ امریکی مفادات کیلئے سود مند نہیں، بیشتر امریکیوں کی رائے

واشنگٹن: (دنیا نیوز) ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے بیشتر شہریوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ امریکی مفادات کیلئے سود مند نہیں ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کیلئے مذاکرات تاحال جاری ہیں جبکہ جنگ اپنے 100ویں دن کے قریب پہنچ چکی ہے، اس دوران یہ تنازع امریکی عوام میں بدستور انتہائی غیر مقبول بنا ہوا ہے۔

جنگ شروع ہونے سے پہلے ہی مختلف عوامی جائزوں سے ظاہر ہوا تھا کہ امریکہ میں اکثریت ایران پر بمباری کی مخالفت کرتی ہے، 28 فروری کو حملوں کے آغاز کے بعد بھی عوامی رائے میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی، بڑی تعداد میں امریکی ووٹرز اس جنگ کو غیر ضروری اور ملک کیلئے نقصان دہ قرار دے رہے ہیں۔

یونیورسٹی آف میری لینڈ میں امن اور ترقی کے امور کے پروفیسر شبلی تلحمی نے اس جنگ کے حوالے سے متعدد عوامی سروے کیے، ان کا کہنا ہے ایک بات بالکل واضح ہے کہ بہت کم امریکی سمجھتے ہیں کہ ایران کے ساتھ یہ جنگ امریکی مفادات کی خدمت کر رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق جنگ کیلئے عوامی حمایت کا فقدان ایک اہم سیاسی مسئلہ بن سکتا ہے، کیونکہ اس سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اندرون ملک سیاسی پوزیشن کمزور ہونے کا خدشہ ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر جنگ طویل ہوتی ہے اور عوامی مخالفت برقرار رہتی ہے تو اس کے سیاسی اثرات آئندہ انتخابات اور حکومتی پالیسیوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں