پاک روس تعلقات نئے عالمی نظام کے تناظر میں اہم موڑ پر، بین الاقوامی ویبینار کل ہوگا
ماسکو: (شاہد گھمن) پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور بدلتے ہوئے عالمی سیاسی منظرنامے پر تبادلہ خیال کیلئے اہم بین الاقوامی ویبینار 9 جون 2026 کو منعقد ہوگا۔
ویبینار کا عنوان ’’پاکستان اور روس: بدلتے ہوئے عالمی نظام کے دہانے پر دوطرفہ تعلقات‘‘ رکھا گیا ہے۔
ماسکو کی یونیورسٹی آف ورلڈ سیولائزیشنز کے تحت ویبینار کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس کی قیادت معروف روسی ماہر بین الاقوامی امور ڈاکٹر روکسانا زیگون کریں گی، تقریب میں پاکستان اور روس کے ممتاز سفارت کار، پالیسی ساز، ماہرینِ بین الاقوامی تعلقات اور میڈیا شخصیات شرکت کریں گی۔
ذرائع کے مطابق ویبینار میں حالیہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، ایران سے متعلق کشیدگی، پاکستان کے سفارتی کردار، روس۔پاکستان سٹریٹجک تعاون، علاقائی رابطہ کاری اور ابھرتے ہوئے کثیر قطبی عالمی نظام پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔
افتتاحی سیشن میں ڈاکٹر نیلم نگار جبکہ کلیدی خطابات میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری اور روسی وزارتِ خارجہ کے نمائندے شریک ہوں گے، پہلے سیشن میں سفیر طارق فاطمی، سفیر مسعود خان، فیصل نیاز ترمذی اور روسی ماہر ڈاکٹر نتالیہ زاماریوا اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
دوسرے سیشن میں شیری رحمان، طلعت حسین، دیمتری الیگزینڈر سائمز اور لیونید ساوِن پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا روابط، قومی سلامتی، سفارتی حکمتِ عملی اور عالمی تبدیلیوں کے اثرات پر گفتگو کریں گے۔
ویبینار کے دوران یہ بھی زیرِ بحث آئے گا کہ پاکستان اور روس کس طرح نئی عالمی صف بندیوں، اقتصادی رابطوں، ٹیکنالوجی، تجارت اور عوامی روابط کے ذریعے اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنا سکتے ہیں، ماہرین کی سفارشات کو دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے تعاون کے لیے رہنما اصولوں کے طور پر مرتب کیا جائے گا۔