ملک کو بچانا ہے تو تعلیم، جمہوریت، معاشی اصلاحات پر توجہ دینا ہوگی: سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو تعلیم، جمہوریت اور معاشی اصلاحات پر توجہ دینا ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم پر 25 ڈالر خرچ کرنے والی قومیں 425 ڈالر خرچ کرنے والوں کا مقابلہ نہیں کر سکتیں، چین ہم سے 17 گنا زیادہ تعلیم پر سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دوڑ میں کیسے شامل ہوں گے ہماری معیشت ترقی نہیں کر رہی، آئی سی یو میں پڑی ہے، پانچ بجٹ پیش کرنے کے باوجود معیشت کو آئی سی یو سے نکالا نہیں جا سکا، قومیں پتھر بیچ کر نہیں، انسانوں پر سرمایہ کاری کر کے ترقی کرتی ہیں۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کم آمدن والے طبقے کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہو گیا، حکومت اپنے اخراجات کم کرنے میں ناکام رہی ہے،عوامی مسائل حل کئے بغیر بجٹ کامیاب نہیں ہو سکتا، ٹیکس اور سہولیات کا نظام ساتھ چلنا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھاری ٹیکسوں کے باوجود سروسز کا فقدان موجود ہے، ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کا خلا بڑھ رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں