واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف ہونے کا امکان، ایپ کھولے بغیر وائس نوٹس بھیجنا ممکن ہوگا
نیویارک: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نئی اور دلچسپ سہولت پر کام کر رہا ہے، جس کے تحت صارفین ممکنہ طور پر ایپ کھولے بغیر ہی وائس نوٹس ریکارڈ کرکے بھیج سکیں گے۔
واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف ہونے کا امکان، ایپ کھولے بغیر وائس نوٹس بھیجنا ممکن ہوگا
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر واٹس ایپ اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.24.2 میں دریافت ہوا ہے اور فی الحال یہ ابتدائی ڈویلپمنٹ کے مرحلے میں ہے اس لیے ابھی ٹیسٹنگ کے لیے دستیاب نہیں۔
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ ایک نیا ہوم سکرین ویجیٹ متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جو اینڈرائیڈ ہوم سکرین پر 3×1 سائز میں موجود ہوگا، صارفین اپنی ضرورت کے مطابق اس ویجیٹ کا سائز بھی تبدیل کر سکیں گے۔
اس ویجیٹ کا انٹرفیس انتہائی سادہ رکھا گیا ہے، جس میں صرف مائیکروفون کا آئیکن اور ’ٹیپ ٹو ریکارڈ‘ کی ہدایت موجود ہوگی، صارف جیسے ہی اس آئیکن پر ٹیپ کرے گا، وائس میسج کی ریکارڈنگ شروع ہو جائے گی۔ ریکارڈنگ مکمل ہونے کے بعد صارف کو واٹس ایپ کے ذریعے مطلوبہ کانٹیکٹ منتخب کرکے پیغام بھیجنے کا آپشن دیا جائے گا۔
نئے فیچر کی ایک اہم خصوصیت "ملٹی سینڈ" سپورٹ بھی ہو سکتی ہے، جس کے تحت ایک ہی وائس میسج کو بیک وقت متعدد کانٹیکٹس کو بھیجا جا سکے گا، اس وقت صارفین کو ایک ہی وائس نوٹ مختلف افراد کو الگ الگ فارورڈ کرنا پڑتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ نیا ویجیٹ وائس میسجز بھیجنے کے عمل کو مزید تیز اور آسان بنا دے گا، کیونکہ صارفین کو صرف ایک سکرین ایکشن کے ذریعے ریکارڈنگ اور شیئرنگ کی سہولت حاصل ہو سکے گی۔
یہ فیچر خاص طور پر ان خطوں میں زیادہ مفید ثابت ہو سکتا ہے جہاں وائس میسجز کا استعمال بہت زیادہ ہے، جن میں جنوبی ایشیا، لاطینی امریکا اور مشرق وسطیٰ کے ممالک نمایاں ہیں۔