عباس عراقچی کے عمان اور ترکیہ سے رابطے، امریکا کو مزید کارروائی پر خبردار کر دیا

تہران: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عمان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں خطے کی مجموعی صورتحال اور آبنائے ہرمز سے متعلق حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق عباس عراقچی نے دونوں رہنماؤں کو خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے مزید فوجی کارروائی کی تو ایران اس کا مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔

انہوں نے امریکی مؤقف کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اپنے وعدوں سے انحراف اور محاذ آرائی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں سفارتی کوششوں اور علاقائی استحکام کے لیے ذمہ دارانہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں