فیلڈ مارشل عاصم منیر سے عباس عراقچی کا رابطہ، امریکی حملے معاہدوں کی خلاف ورزی قرار
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی قرار دیا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کسی بھی امریکی جارحیت کے خلاف مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکی حکام اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ کی پاسداری نہیں کرتے تو یہ واشنگٹن کی محاذ آرائی اور جنگی پالیسیوں کے تسلسل کا واضح ثبوت ہوگا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے مزید فوجی کارروائی کی تو ایران اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا اور ہر ممکن جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔