پٹرول 225 روپے سے کم، لیوی ختم کی جائے: حافظ نعیم الرحمان
بہاولنگر: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لٹر سے کم اور پٹرولیم لیوی ختم کی جائے، بصورت دیگر ملک گیر احتجاجی تحریک مزید تیز کی جائے گی۔
بہاولنگر میں خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پٹرول کی قیمتوں کے خلاف بڑے احتجاج کی کال دی جائے گی اور قیمتوں میں کمی آنے تک احتجاج جاری رہے گا، انہوں نے نوجوانوں سے بھی احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی پی پیز مافیا کو نوازا، جس کے نتیجے میں بجلی مہنگی ہوئی، ان کے بقول ن لیگ، پیپلز پارٹی سمیت مختلف حکومتوں نے آئی پی پیز کو فروغ دیا اور مہنگی بجلی خریدنے کے معاہدے کیے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ملک میں 49 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جبکہ کھپت 24 ہزار میگاواٹ ہے، اس کے باوجود لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ آئی پی پیز مافیا چند افراد پر مشتمل ہے، جنہیں ہر سال تقریباً 2 ہزار ارب روپے ادا کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے باعث بجلی کی قیمتوں میں کچھ کمی آئی، تاہم اب پٹرول کی قیمت کم کرنے اور آئی پی پیز مافیا کو لگام دینے کی ضرورت ہے۔