بلاول بھٹو کی زیر صدارت اجلاس، سندھ کے سٹریٹجک ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت بلاول ہاؤس میں اہم اجلاس ہوا، جس میں سندھ کی ترقی سے متعلق اسٹریٹجک منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ کیٹی بندر انٹیگریٹڈ کوریڈور منصوبے کے تحت کیٹی بندر کو عالمی معیار کا بحری مرکز بنایا جائے گا، جس سے برآمدات، روزگار اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

اجلاس میں سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے سے کراچی کی حیثیت ایک بین الاقوامی مالیاتی مرکز کے طور پر مزید مستحکم ہوگی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ڈیٹا انفراسٹرکچر انیشی ایٹو پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کے تحت سندھ میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق انفراسٹرکچر اور جدید ڈیٹا سینٹرز قائم کیے جائیں گے، صوبے کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا علاقائی مرکز بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں فارمرز ایگریکلچرل کلیکٹوز منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق چھوٹے کسانوں کو جدید زرعی سہولیات، زرعی مشینری اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کی جائے گی، جبکہ اشتراکی کاشتکاری کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ ان منصوبوں سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

اجلاس نے پی پی پی یونٹ کو کمپنی کی شکل دینے کی تجویز کی توثیق بھی کی، منصوبوں کے لیے عالمی ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کی خدمات حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی معاشی تبدیلی ایک طویل المدتی وژن کا حصہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں