پاکستان، امریکہ باہمی تجارتی معاہدے پر دو روزہ مذاکرات جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے پر دو روزہ مذاکرات جاری ہیں، جن کا مقصد دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق باہمی تجارتی معاہدے کیلئے امریکہ جانے والے پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری تجارت جواد پال کر رہے ہیں۔
وفد میں ایڈیشنل سیکرٹری طاہر اندرابی، سیکرٹری او پی ایچ آر ڈی ندیم چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری ٹیرف پالیسی اشفاق خان اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے نمائندے بھی شامل ہیں، بعض حکام ورچوئل پلیٹ فارم کے ذریعے مذاکرات میں شریک ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق مذاکرات کا مقصد پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا، باہمی تجارت میں سہولت کاری کو فروغ دینا اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان مذاکرات کے ذریعے موجودہ تجارتی تعلقات میں تنوع اور اضافہ کی راہ بھی ہموار کی جائے گی۔