پنجاب بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں پر ٹیکس کٹوتی کا نیا اور آسان نظام لاگو

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں پر ٹیکس کٹوتی کا نیا اور آسان نظام لاگو کر دیا گیا۔

ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کے مطابق ای پیمنٹ یا کارڈ کے ذریعے کٹنے والا ٹیکس اب براہِ راست حکومت کو منتقل ہوگا۔

بیوٹی پارلرز، سلونز اور فیشن ڈیزائنرز کی سروسز پر ٹیکس کی شرح صرف 5 فیصد ہوگی، کاسمیٹک سرجری، پلاسٹک سرجری، سکن اور لیزر ٹریٹمنٹ کے مراکز پر ٹیکس صرف 5 فیصد ہوگا، اس کے علاوہ ایونٹ مینجمنٹ، ٹور آپریٹرز، جمنازیم اور لانڈری سروسز پر 8 فیصد ٹیکس ادائیگی ہوگی۔

ترجمان کے مطابق کیش ادائیگی پر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس سروسز پر 16 فیصد جبکہ ڈیجیٹل ادائیگی پر 8 فیصد کٹوتی ہوگی، ہوٹلز اور ریسٹورنٹ سیکٹر کیلئے کریڈٹ کارڈ اور ڈیجیٹل ادائیگی پر ٹیکس 50 فیصد کم ادا کرنا ہوگا۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عوام کے ادا کردہ ٹیکسز سے ہی حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہوگی، عوام سے گزارش ہے کہ ادا کردہ ٹیکسز کی محفوظ منتقلی کیلئے ڈیجیٹل ادائیگیاں اور پکی رسید ضرور طلب کریں، پکی رسید نہ دینے والے فوڈ آپریٹرز کیخلاف پنجاب ریونیو اتھارٹی کو شکایات درج کروائیں۔

ترجمان پی آر اے نے کہا کہ ٹیکس کی شفاف ادائیگی صوبے میں ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں