آزاد کشمیر میں مسلح جتھوں کی جانب سے سڑکوں کی بندش، عوام پریشان

مظفر آباد: (دنیا نیوز) ترجمان انتظامیہ پونچھ ڈویژن راولاکوٹ کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے راولاکوٹ اور گردونواح کے بازاروں کی سڑکوں پر ناکے لگا کر اشیائے خورد و نوش کی ترسیل متاثر کر رکھی ہے۔

انتظامیہ نے کہا کہ مسلح افراد نے درخت کاٹ کر اور پتھر رکھ کر مختلف سڑکیں بند کر رکھی ہیں، جس کے باعث ڈرائیور اشیائے خورد و نوش لانے سے گریز کر رہے ہیں کیونکہ انہیں مبینہ طور پر تحقیر آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق آج قانون نافذ کرنے والے اداروں نے باغ راولاکوٹ روٹ کھلوانے کے لیے سڑکوں سے درخت اور ملبہ ہٹانے کا آغاز کیا، تاہم کوئیڑہ پوٹھی ملوالاں کے مقام پر مسلح افراد نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے سڑکوں کے اطراف میں پوزیشنیں سنبھال رکھی تھیں، ہزاروں گولیاں چلائیں اور جدید اسلحہ استعمال کیا، انتظامیہ کے مطابق مسلح افراد نے مساجد میں جا کر لوگوں کو اشتعال دلانے کے لیے اعلانات بھی کیے۔

انتظامیہ کے مطابق مسلح جتھوں نے ایک ماہ سے راستے بند کر کے پورے گاؤں کو یرغمال بنا رکھا تھا، جبکہ مساجد اور ہائی سکول کی عمارتوں پر بھی قبضہ کر رکھا تھا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانچ اہم سڑکوں کی بندش کے باعث عام شہریوں تک خوراک کی فراہمی متاثر ہوئی، تاہم شدید مزاحمت کے بعد باغ راولاکوٹ روٹ کلیئر کروا دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے کہا کہ تاجر اور ٹرانسپورٹرز کوہالہ کے راستے اشیائے خورد و نوش لا سکتے ہیں، جبکہ دیگر راستے بھی مرحلہ وار کھولے جائیں گے۔

ویڈیوز کی مدد سے مسلح افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے اور ان کی معاونت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی راولاکوٹ روڈ پر مسلح افراد نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ساتھ سڑک اور پہاڑیوں پر پوزیشنیں سنبھال رکھی ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق گزشتہ تین برسوں سے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے موسم گرما میں لانگ مارچ کیے جاتے رہے، جس سے خطے کی سیاحت متاثر ہوئی، انتظامیہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سرکاری مشینری کو جلانے، اہلکاروں پر حملوں اور لاشوں کی بے حرمتی جیسے واقعات بھی پیش آتے رہے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مسلح جتھوں کو مظفرآباد جانے سے روکا تو انہوں نے سڑکیں بند کر کے غذائی قلت پیدا کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد بلیک میلنگ، جتھہ بندی، اسلحہ برداری اور راستوں کی بندش کے خلاف مؤثر کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں