خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات، صوبائی حکومت سے مشاورت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے معاملے پر 15 روز بعد دوبارہ مشاورتی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے اراکین، سیکرٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن 23 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کر چکا ہے، اس لیے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا تعین اب ناگزیر ہو چکا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے، جبکہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4) کے مطابق بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120 روز کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی قانونی ذمہ داری ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی اداروں کی مدت بالترتیب 14 مارچ اور 19 جون 2026 کو ختم ہو چکی ہے، جبکہ الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر چکا ہے۔
حکام نے بتایا کہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(3) اور خیبرپختونخوا لوکل کونسلز (کنڈکٹ آف الیکشنز) رولز 2021 کے تحت انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے صوبائی حکومت سے مشاورت جاری ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 جولائی 2026 کو بھیجا گیا مشاورتی خط فوری طور پر صوبائی کابینہ کو ارسال کر دیا گیا ہے، صوبائی حکومت انتخابات کے انعقاد کے لیے انتظامی تعاون فراہم کرنے اور ضروری انتظامات کرنے کے لیے تیار ہے۔
اجلاس کے اختتام پر الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری سے متعلقہ سمری کی نقل فراہم کرنے کی درخواست کی اور فیصلہ کیا کہ خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے 15 روز بعد دوبارہ مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments