شہباز شریف سے یو این سیکرٹری جنرل کی امیدوار مشیل باشلیٹ کی ملاقات
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار مشیل باشلیٹ نے ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے مشیل باشلیٹ کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کثیرالجہتی تعاون کے فروغ اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی معاہدات پر مؤثر عمل درآمد اور امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق میں متوازن پیش رفت کا خواہاں ہے۔
شہباز شریف نے عالمی ترقیاتی ایجنڈے پر تیز رفتار عمل درآمد کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ملاقات کے دوران مشیل باشلیٹ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی تاریخی اور گراں قدر خدمات کو سراہا، جبکہ علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل اور مؤثر کاوشوں کی تعریف کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments