آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے نئے فارمیٹس کی منظوری دے دی

دبئی: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ون ڈے ورلڈ کپ اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی، جن کا مقصد ہر مرحلے میں مقابلوں کی اہمیت اور دلچسپی میں اضافہ کرنا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق 14 ٹیموں پر مشتمل مینز ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے تین مرحلوں پر مشتمل نیا فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے، نئے نظام کے تحت ٹورنامنٹ کے آغاز میں 12ویں، 13ویں اور 14ویں نمبر کی ٹیموں کے درمیان "سپر سیریز" کھیلی جائے گی، جس کی فاتح ٹیم دوسرے مرحلے میں جگہ بنائے گی۔

دوسرے مرحلے میں دو گروپس ہوں گے، جن میں 6، 6 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ان دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیموں کے ساتھ مجموعی طور پر ایک بہترین رینکنگ والی ٹیم "سپر 7" مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

سپر 7 مرحلے میں تمام سات ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلیں گی، جبکہ سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، اس نئے فارمیٹ کا مقصد ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ سے ہر مقابلے کو زیادہ اہم اور سنسنی خیز بنانا ہے۔

دوسری جانب 20 ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر 8 کی جگہ سپر 10 مرحلہ متعارف کرانے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

نئے فارمیٹ کے تحت ابتدائی مرحلے میں 5 گروپس ہوں گے، جن میں ہر گروپ میں 4 ٹیمیں شامل ہوں گی، ہر گروپ سے دو، دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے میں پہنچیں گی، جہاں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

سپر 10 مرحلے میں دونوں گروپس کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں براہِ راست سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کے درمیان پہلی مرتبہ ایلیمینیٹر میچز کھیلے جائیں گے۔ ان میچز کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں گی۔

آئی سی سی نے ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل ایک عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی اصولی منظوری بھی دی ہے، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل منعقد کیا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کی حتمی منظوری نومبر میں متوقع ہے۔

آئی سی سی بورڈ نے 2028ء ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے نئے کوالیفکیشن نظام کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت 2026ء ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی نہ کرنے والی ٹیمیں گلوبل کوالیفائر میں شرکت کریں گی، جبکہ افریقا، ایشیا، یورپ، امریکا اور ایسٹ ایشیا پیسیفک ریجن سے ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...