چیف الیکشن کمشنر کی میرپور ڈویژن کے عوام سے انتخابات میں بھرپور شرکت کی اپیل

مظفرآباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے میرپور ڈویژن کے عوام سے 27 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں بھرپور شرکت کی اپیل کی اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں سے نکل کر اپنی پسند کے امیدوار کو ووٹ دیں۔

اپنے ایک بیان میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹ دینا ہر شہری کا قومی، آئینی اور اسلامی فریضہ ہے اور حقِ رائے دہی کا استعمال ہی مضبوط جمہوریت کی ضمانت ہے، عوام اپنے ووٹ کے ذریعے ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو ان کے مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کیلئے مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے یقین دہانی کرائی کہ تمام پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، ہر پولنگ سٹیشن پر سکیورٹی فورسز اور کوئیک رسپانس فورس تعینات ہوگی تاکہ ووٹرز بلاخوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ریاست ووٹرز کی پولنگ سٹیشنز تک آمدورفت کے دوران بھی سکیورٹی یقینی بنائے گی، جبکہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لے کر اپنی جمہوری ذمہ داری ادا کریں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنے مستقبل اور اپنے مسائل کے حل کیلئے بہترین نمائندوں کا انتخاب کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...