وفاقی وزیرِ پٹرولیم کی آئل ٹینکر کنٹریکٹرز سے ملاقات، مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن (اوٹکا) کے وفد سے کامیاب ملاقات کے دوران آئل ٹینکرز سے متعلق مسائل باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیرِ پٹرولیم نے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے جائز مطالبات کے حل کے لیے سپیشل سیکریٹری پٹرولیم کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی جو ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
کمیٹی میں ڈی جی آئل، اوگرا، اوٹکا اور او سی اے سی کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ آئل ٹرانسپورٹیشن سے متعلق مسائل کا جامع جائزہ لیا جا سکے،اوٹکا کا وفد صدر عابداللہ آفریدی کی قیادت میں وزیرِ پٹرولیم سے ملاقات کے لیے پہنچا۔
اوٹکا کے وفد کی جانب سے وائٹ آئل پائپ لائن کے کوٹے میں کمی، فریٹ فارمولے اور کمرشل لوڈنگ سمیت مختلف مطالبات پیش کیے گئے۔
علی پرویز ملک نے اوگرا کو ہدایت کی کہ آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
انہوں نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو فریٹ کنٹریکٹس کی تحریری پالیسی جمع کرانے، آئل ٹینکرز کی مؤثر ٹریکنگ کے نظام کو بہتر بنانے اور ڈیلرز کی گاڑیوں کو پرائمری ٹرانسپورٹیشن سے الگ رکھنے کے لیے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک بھر میں عوام کو بلا تعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
دوسری جانب اوٹکا کے وفد نے وزیرِ پٹرولیم کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کیا اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments