امریکی ریاست آئیڈاہو میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک، حملہ آور نے خودکشی کر لی
ٹوئن فالز: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست آئیڈاہو کے فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 3 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ حملہ آور نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس چیف میتھیو ہکس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 24 سالہ چیڈ ولیمز نے ہفتے کے روز ہونے والا حملہ اکیلے کیا، شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملے میں کسی دوسرے شخص کی شمولیت نہیں تھی۔
پولیس کے مطابق جنوبی آئیڈاہو کے تقریباً 56 ہزار آبادی والے شہر ٹوئن فالز میں حال ہی میں کھلنے والے فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوئے۔
زخمیوں میں سے 2 کو ابتدائی علاج کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے، 3 افراد کی حالت مستحکم ہے جبکہ 2 زخمی اب بھی تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔
پولیس چیف نے بتایا کہ واقعے کے دوران ڈیوٹی سے فارغ ایک ریاستی ٹروپر اور ایک مسلح شہری نے فوری جوابی فائرنگ کی، جس کے باعث حملہ آور ریسٹورنٹ سے دور ہٹ گیا۔
پولیس کا ماننا ہے کہ دونوں افراد کی بروقت کارروائی نے حملہ آور کو موقع سے بھاگنے پر مجبور کیا، جس سے مزید جانی نقصان نہ ہوا، پولیس نے آف ڈیوٹی اہلکار اور مسلح شہری کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
پولیس چیف نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان افواہوں کی بھی سختی سے تردید کی جن میں ایک دوسرے شخص کو غلط طور پر حملہ آور قرار دیا جا رہا تھا، ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔
دوسری جانب فاسٹ فوڈ چین کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں میں ریسٹورنٹ کا ایک ملازم بھی شامل ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments