کراچی میں گراس روٹ کرکٹ کے فروغ کیلئے ٹاؤن پریمئر لیگ کا آغاز

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی شہر میں گراس روٹ کرکٹ کے فروغ کے لیے ٹاؤن پریمئر لیگ کا آغاز کردیا گیا۔

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر بلدیات اور لیگ کے پیٹرن انچیف ناصر حسین شاہ تھے۔

ٹی پی ایل ٹیپ بال لیگ میں مجموعی طور پر 26 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ٹی پی ایل میں ٹاؤنز کی 25 ٹیمیں اور ایک ٹیم میئر کراچی کی شامل ہے۔

ناصر حسین شاہ نے ٹی پی ایل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سافٹ لانچنگ کی تقریب باقاعدہ طور پر ٹی پی ایل کے سفر کے آغاز کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی مثبت طاقت کے ذریعے کراچی کے تمام 25 ٹاؤنز کو ایک ساتھ لانے پر ٹی پی ایل کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، تمام ٹاؤنز کو اس لیگ میں شمولیت پر مبارکباد کے ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ میری گزارش ہے کہ تمام ٹاؤنز ٹی پی ایل کے منتظمین کے ساتھ مکمل تعاون کریں، ٹی پی ایل کا مقصد کراچی کے نوجوانوں میں احساس شمولیت، بنیادی سطح پر کرکٹ، مقامی صلاحیتوں، صحت مند مقابلے، اسپورٹس مین شپ اور کمیونٹی کی شرکت کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی پی ایل کا انعقاد سندھ حکومت کے محکمہ بلدیات کی منظوری اور تعاون سے کیا جا رہا ہے، ٹی پی ایل کے ذریعے کراچی کے نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری مواقع فراہم کرنا ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ٹی پی ایل مکمل طور پر ایک غیر سیاسی اسپورٹس اقدام ہے، ٹی پی ایل میں توجہ کھیل، نوجوان، اتحاد اور کمیونٹی کی شمولیت پر مرکوز ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ٹی پی ایل میں تمام 25 ٹاؤنز منتظمین کے ساتھ مکمل تعاون اور ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں، اس کے ذریعے مقامی نوجوانوں کو اپنے اپنے ٹاؤنز کی نمائندگی کا زیادہ سے زیادہ موقع فراہم ہوگا۔

اس موقع پر ٹی پی ایل کے میچوں کے لیے آفیشل پول ڈرا ٹاؤن اور ان کی ٹیموں کے نمائندوں کی موجودگی میں کیا گیا۔

ٹی پی ایل کی افتتاحی تقریب میں لیگ کا تعارف، ٹرافی کی رونمائی، آفیشل نغمے اور ٹیموں کی جرسیوں کی رونمائی بھی کی گئی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پورے کراچی میں کرکٹ کا ایونٹ ہوگا، اب تو خواتین کی ٹیمیں بن رہی ہیں جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، کوشش کروں گا کہ پورے صوبے میں اس طرح کا ایونٹ ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...