واٹس ایپ نے صارفین کو ممکنہ فراڈ سے بچانے کیلئے نیا فیچر متعارف کرادیا
کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) واٹس ایپ نے صارفین کو ممکنہ فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے نئے اسکام الرٹ فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے، جو فی الحال اینڈرائیڈ کے نئے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔
WABetaInfo کے مطابق اس فیچر کا مقصد نامعلوم کانٹیکٹس کی جانب سے بھیجے جانے والے ممکنہ فراڈ پیغامات کے بارے میں صارفین کو بروقت خبردار کرنا ہے، ممکنہ خطرے کی صورت میں انتباہ براہِ راست چیٹ میں دکھائی دے گا، جس کے بعد صارف فیصلہ کر سکے گا کہ پیغام بھیجنے والے کو بلاک اور رپورٹ کرنا ہے یا چیٹ پر اعتماد کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر فراڈ کی کوشش کو خودکار طور پر نہیں روکے گا بلکہ صارف کو ممکنہ خطرے کے بارے میں اضافی معلومات فراہم کرے گا تاکہ وہ خود مناسب فیصلہ کر سکے۔
اسکام الرٹ فیچر اختیاری ہوگا اور بائی ڈیفالٹ فعال نہیں ہوگا۔ صارفین اسے اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں واٹس ایپ کی سیٹنگز کے اکاؤنٹس آپشن میں جا کر فعال کر سکیں گے۔
میٹا کے مطابق یہ فیچر ڈیوائس کے اندر موجود مشین لرننگ ماڈل استعمال کرتے ہوئے ممکنہ فراڈ پیغامات کا تجزیہ کرے گا۔ اس عمل کے دوران پیغامات کا مواد کمپنی کے سرورز پر منتقل نہیں کیا جائے گا، جس سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ برقرار رہے گا۔
یہ فیچر ابھی بیٹا مرحلے میں ہے، اس لیے تمام صارفین کے لیے اس کی باضابطہ دستیابی کی تاریخ فی الحال واضح نہیں ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments