میر رضا کیس: قبر کشائی بورڈ کی حتمی رپورٹ جاری، اہم انکشافات سامنے آ گئے
کراچی:(دنیا نیوز) میر رضا کیس میں پولیس سرجن کراچی کے قبر کشائی بورڈ نے حتمی رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق میر رضا کی موت دل پھٹنے کے باعث ہوئی، جبکہ دل پھٹنے کی بنیادی وجہ سینے پر آتشی اسلحے سے لگنے والی سوراخ کرنے والی چوٹ بنی۔
قبر کشائی بورڈ کے مطابق میر رضا کے سینے پر گولی کا زخم پشت کی جانب سے داخل ہو کر سامنے کی جانب خارج ہوا۔
بورڈ کی رپورٹ میں قرار دیا گیا ہے کہ دستیاب شواہد موت کو خودکشی قرار دینے سے مطابقت نہیں رکھتے، جبکہ موت کے طریقہ کار کو بھی خودکشی سے غیر مطابقت قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں لکھا گیا کہ میر رضا کی شرٹ پر ہائیڈروکلورک ایسڈ کی موجودگی کی تصدیق ہوئی جب کہ خون کے نمونے میں بے ہوش کرنے والی دوا بیوپیواکین کے آثار پائے گئے، تاہم لیبارٹری رپورٹ میں نشہ آور، سکون آور یا زہریلے مادوں کے شواہد نہیں ملے۔
قبر کشائی بورڈ کا کہنا تھا کہ میر رضا کی شرٹ کے نمونوں میں فائرنگ سے پیدا ہونے والے ذرات کے آثار بھی ملے، شرٹ کے اگلے اور پچھلے دونوں حصوں سے سیسہ اور بیریم کے آثار پائے گئے، جو آتشیں اسلحے سے فائرنگ کے ذرات سے مطابقت رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ زخم کے پچھلے حصے کے اطراف گولی چلنے کے ذرات کی نسبت زیادہ مقدار میں موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments