ایکسائز بلوچستان کی بڑی کارروائی، 74 ارب کی منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

حب: (دنیا نیوز) ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس ساوتھ زون بلوچستان نے 74 ارب سے زائد مالیت کی منشیات بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس ساؤتھ زون بلوچستان نے گڈانی میں تاریخی کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹن 13 کلو گرام آئس برآمد کرلی، برآمد کی گئی آئس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 74 ارب 19 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

ڈی جی ایکسائز ساؤتھ زون محمد زمان کے مطابق گڈانی آپریشن میں 1,013 کلو گرام خالص آئس یعنی کرسٹل میتھ برآمد کی گئی، منشیات بیرون ملک منتقل کی جانی تھی۔

محمد زمان نے بتایا کہ ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس بلوچستان نے عالمی ڈرگ مافیا کو اربوں روپے کا بڑا مالی دھچکا دے دیا ہے، کارروائی وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکریٹری شکیل قادر خان کے ویژن کے مطابق کی گئی۔

ڈی جی ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس محمد زمان کی زیر نگرانی ساؤتھ زون کی جانب سے بڑی کارروائی کی گئی۔

محمد زمان کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران ساحلی پٹی پر ایکسائز کی کارروائیوں میں 1,638 کلو گرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ دو سال میں 620 کلو گرام چرس اور 27 ہزار 543 بوتلیں و کین غیر ملکی شراب و بیئر بھی برآمد کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو سال کے دوران منشیات مافیا کو 133 ارب 56 کروڑ روپے کا مالی نقصان پہنچایا گیا۔

ڈی جی ایکسائز ساؤتھ زون محمد زمان نے کہا کہ منشیات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، نوجوان نسل کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

محمد زمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ساحلی حدود کو منشیات اسمگلنگ سے محفوظ بنانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...