آزاد جموں و کشمیر کی 8 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

مظفرآباد: (محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر کی نئی حکومت کی 8 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔

قائم مقام صدر چوہدری طارق فاروق نے ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں کابینہ کے ارکان سے حلف لیا، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی بھی تقریب میں موجود تھے۔

حلف برداری کی تقریب میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، اراکین قانون ساز اسمبلی، اعلیٰ سرکاری افسران، بیورو کریسی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حلف اٹھانے والے کابینہ ارکان میں وقار نور، اظہر صادق، ثاقب مجید، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر، راجہ ریاست، انجینئر عمیر نعیم، عبد الرحمان آرائیں اور سردار میر اکبر شامل ہیں۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب کے دوران قائم مقام صدر چوہدری طارق فاروق نے نومنتخب وزرا سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ کابینہ کے ارکان نے ذمہ داریاں آئین اور قانون کے مطابق ادا کرنے اور عوام کی خدمت کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم افتخار گیلانی کی جانب سے کابینہ کی تشکیل کے بعد نئی حکومت نے انتظامی امور کو باقاعدہ طور پر آگے بڑھانے کا مرحلہ شروع کردیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 8 وزرا کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ وزرا کو محکموں کے قلمدان تفویض کرنے کا عمل بعد میں مکمل کیا جائے گا۔

تقریب میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت اور قانون ساز اسمبلی کے ارکان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شاہ غلام قادر تقریب میں توجہ کا مرکز رہے اور منتخب ارکان اسمبلی ان کے اردگرد موجود تھے۔

تقریب حلف برداری میں حلف اٹھانے والے وزرا کے انتخابی حلقوں سے سیکڑوں لوگ اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان بھی موجود تھے۔

نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد توقع ہے کہ حکومت اپنے ترقیاتی، انتظامی اور عوامی فلاحی ایجنڈے پر عملی پیش رفت کا آغاز کرے گی۔

واضح رہے کہ افتخار گیلانی نے 28 اگست کو آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کا منصب سنبھالا تھا اور اب کابینہ کے حلف کے بعد ان کی حکومت کا انتظامی ڈھانچہ بھی مکمل ہو گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...