یونانی سفیر کی لاہور چیمبر آمد، پاک یونان تجارتی و اقتصادی تعلقات پر اہم تبادلہ خیال

لاہور: (دنیا نیوز) یونان کی سفیر ایلینی پوریکی نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور صدر فہیم الرحمان سہگل سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک یونان تجارتی و اقتصادی تعلقات پر اہم تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاک یونان تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے کاروباری روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ یونانی سفیر نے پاک یونان اقتصادی تعلقات کے فروغ میں نجی شعبے کے کردار پر زور دیا۔

یونانی سفیر ایلینی پوریکی نے کہا کہ پاکستانی اور یونانی کاروباری برادریوں کے درمیان بی ٹو بی روابط بڑھائے جائیں، یونان میں پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کی طلب موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونان میں پاکستانی کارکنوں کے لیے زراعت، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں مواقع موجود ہیں، پاک یونان تجارت میں ٹیکسٹائل کے ساتھ سیاحت اور قابل تجدید توانائی کو بھی فروغ دیا جائے۔

یونانی سفیر نے کہا کہ یونان سیاحتی انفراسٹرکچر میں اپنی مہارت پاکستان کے ساتھ شیئر کر سکتا ہے۔

صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ پاکستان اور یونان زراعت، معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں، پاکستان یونان کی جدید ٹیکنالوجی، مہارت اور تجربے سے استفادہ کر سکتا ہے۔

فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ یونان کے سیاحتی تجربے سے پاکستان بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے، پاک یونان کاروباری وفود کے تبادلے اور بی ٹو بی ملاقاتوں کو فروغ دیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...