شاہد خان آفریدی سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کے ”سفیر کھیل“ مقرر
کراچی: (دنیا نیوز) بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی کرکٹ لیجنڈ شاہد خان آفریدی کو سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کا ”سفیر کھیل“ تعینات کر دیا گیا، اس حوالے سے سینٹرل پولیس آفس کراچی کے محمد علی شاہ آڈیٹوریم میں تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے چیئرمین ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، ایس ایس پی میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز، معروف کاروباری شخصیات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
تقریب میں شاہد خان آفریدی کو سفیر کھیل کی تقرری کی سند پیش کی گئی جبکہ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور شاہد خان آفریدی کے درمیان باہمی شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
.jpg)
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شاہد خان آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کا سفیر بن کر انہوں نے ہمیں بہت بڑے اعزاز سے نوازا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس میں کھیلوں کا فروغ ہمیشہ سے ترجیحات میں شامل رہا ہے، سندھ پولیس میں کھیلوں کا انعقاد ہمارا خواب تھا، بزنس کمیونٹی کے تعاون سے یہ خواب شرمندۂ تعبیر ہوا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ وہ ان تمام بزنس کمیونٹی کے دوستوں کے شکرگزار ہیں جنہوں نے سندھ پولیس سے تعاون کیا، سپورٹس کا مقصد نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا اور منشیات کے استعمال سے دور رکھنا ہے۔
جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ رواں سال نومبر میں ملک بھر کی پولیس کو شامل کرکے سپورٹس کا بڑا میلہ سجایا جائے گا۔
شاہد خان آفریدی نے کہا کہ میں کراچی میں پیدا ہوا، یہاں سندھ پولیس کی تین کرکٹ ٹیمیں ہوا کرتی تھیں، بچپن میں سندھ پولیس کی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اور کھیلنا میرا خواب تھا۔
.jpg)
لیجنڈری کرکٹر نے کہا کہ سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کا سفیر مقرر کیے جانے پر خوشی اور اعزاز محسوس کررہا ہوں، سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داری پر منتظمین کا شکرگزار ہوں۔
شاہد خان آفریدی نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھوں گا، کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کی مثبت سرگرمیوں میں شمولیت کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
قبل ازیں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے لیجنڈری کرکٹر شاہد خان آفریدی سے ملاقات کی، جس میں سندھ پولیس میں کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں باہمی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments