میجر جنرل فیصل نصیر نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے میجر جنرل فیصل نصیر کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کا نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کردیا۔
حکومت کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے میجر جنرل فیصل نصیر کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
میجر جنرل فیصل نصیر کی بطور نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا تقرری نیکٹا ایکٹ 2013 کے تحت کی گئی ہے اور ان کی مدتِ تعیناتی تین سال مقرر کی گئی ہے۔
میجر جنرل فیصل نصیر ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور تمغۂ بسالت کے حامل افسر ہیں اور انہیں انسدادِ دہشت گردی، دہشت گردی کے خلاف آپریشنز اور سکیورٹی امور کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔
دوسری جانب میجر جنرل فیصل نصیر کی نیکٹا میں تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت ملک کو دہشت گردی کے سنگین سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔
نیکٹا ملک میں انسدادِ دہشت گردی کی قومی پالیسی، حکمتِ عملی اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان رابطہ کاری میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔
نئے نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا کے تحت انسدادِ دہشت گردی سے متعلق قومی سطح کی رابطہ کاری کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، ان کے اہم فرائض میں دہشت گردی کے بدلتے خطرات سے نمٹنے کے لیے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور قومی انسدادِ دہشت گردی حکمتِ عملی پر عملدرآمد میں معاونت شامل ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments