پہلے 100 دن حکومت کی کارکردگی کا اہم سنگ میل ہیں: وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفرآباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ پہلے 100 دن حکومت کی کارکردگی کا اہم سنگ میل ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں حکومت کے پہلے 100 روز کے اہداف کے حصول کے لیے مرتب کیے گئے روڈ میپ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ گڈ گورننس، شفافیت اور میرٹ کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، قائد پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن اور رہنمائی کے مطابق اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی بنیادی ترجیح عام آدمی کی مشکلات میں کمی اور اسے بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے جب کہ پہلے 100 دن حکومت کی کارکردگی کا اہم سنگ میل ہیں۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ ان 100 دنوں میں عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچیں۔
اُنہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ اپنے اہداف کے حصول کے لیے مربوط اور نتیجہ خیز حکمت عملی اختیار کریں، تعلیم، صحت، تعمیرات، بلدیاتی نظام، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں اصلاحات کی جائیں گی جب کہ روزگار کے مواقع بڑھانے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور سروس ڈلیوری کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، عوامی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
افتخار گیلانی نے تمام محکموں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور حکومتی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب اجلاس میں چیف سیکرٹری خوشحال خان، ایس ایم بی آر سردار ظفر خان، پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید، سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی راشد حنیف سمیت مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments