آزاد کشمیر میں جنگلات کے تحفظ کو ترجیح دی جائے گی: وقار احمد نور
مظفرآباد: (محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر میں جنگلات کے رقبے میں اضافے، موجودہ جنگلات کے تحفظ اور قدرتی جنگلات کی بحالی کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز کے وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور نے کہا ہے کہ جنگلات آزاد کشمیر کا قیمتی قدرتی اثاثہ ہیں، ان کا تحفظ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔
محکمہ جنگلات کا قلمدان سنبھالنے کے بعد نظامتِ تجدیدِ جنگلات میرپور کے پہلے دورے کے موقع پر وزیر نے پودا لگایا اور محکمہ کی کارکردگی سمیت جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر سیکرٹری جنگلات چوہدری فرید اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر کو آزاد کشمیر بھر میں جنگلات کے تحفظ، شجرکاری، قدرتی جنگلات کی بحالی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔
وزیر کو اپ اسکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے تحت جاری شجرکاری سرگرمیوں، جنگلات کو آگ سے محفوظ رکھنے، غیر قانونی کٹائی کی روک تھام، نرسریوں کے قیام، پودوں کی بہتر نگہداشت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے منصوبوں کی نگرانی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
کرنل (ر) وقار احمد نور نے کہا کہ جنگلات ماحول کا توازن برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے اور آنے والی نسلوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جنگلات کے تحفظ اور شجرکاری کے منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ انتظامی یا فیلڈ سطح پر کسی بھی غفلت کا فوری ازالہ کیا جائے۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ سرکاری امور میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور جنگلات کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ نئے عزم اور جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیں تاکہ آزاد کشمیر میں جنگلات کے رقبے میں اضافہ اور قدرتی وسائل کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments