بحری جہازوں کیخلاف کسی بھی جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا: ایرانی عسکری قیادت

تہران: (دنیا نیوز) ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، ایرانی عسکری قیادت نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی بحری جہازوں کے خلاف کسی بھی جارحانہ کارروائی کا سخت جواب دیا جائے گا، جبکہ آبنائے ہرمز میں ایرانی نگرانی کے نظام کو مکمل طور پر فعال قرار دیا گیا ہے۔

ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف علی عبداللہی نے واضح کیا کہ ایرانی بحری جہازوں کے خلاف کسی بھی جارحانہ کارروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اگر ایرانی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تو اس کے جواب میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے بھی آبنائے ہرمز میں ایران کی نگرانی اور دفاعی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی جدید ٹیکنالوجی ایرانی نگرانی کے نظام کو عبور نہیں کر سکتی، آبنائے ہرمز میں ایرانی نگرانی کا نظام مکمل طور پر فعال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خلیج فارس کا کنٹرول ایران کے باصلاحیت نوجوانوں کے پاس ہے، انہوں نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کو کیوبا کے ساحلوں تک محدود رہنا چاہیے۔

ایرانی حکام کی جانب سے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب آبنائے ہرمز میں امریکی اور ایرانی افواج کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کر چکی ہے، حالیہ دنوں میں امریکا کی جانب سے ایرانی تیل بردار بحری جہازوں کے خلاف کارروائیوں اور ایران کی جانب سے امریکی اہداف پر جوابی حملوں کے بعد صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...