لاڑکانہ: کروڑوں روپے کے مائیکروفنانس بینک لون فراڈ کیس میں 3 ملزمان گرفتار
لاڑکانہ: (دنیا نیوز) ایف آئی اے لاڑکانہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 کروڑ 42 لاکھ روپے کے مائیکروفنانس بینک لون فراڈ کیس میں 3 مفرور ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں عبدالرحمان، محمد مزمل اور فیصل نبی شامل ہیں، ملزمان پر مبینہ طور پر 130 قرضہ کیسز میں جعلی کاروباری پروفائلز تیار کرنے، ناقص فیلڈ ویریفیکیشن اور ضروری جانچ پڑتال کے بغیر قرضہ کیسز کی پراسیسنگ اور رقم کی فراہمی میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق مبینہ فراڈ کے نتیجے میں بینک کو 4 کروڑ 42 لاکھ روپے کا مالی نقصان پہنچا، گرفتار ملزمان سے کیس سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملوث افراد کے کردار کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔
ایف آئی اے سکھر زون کا کہنا ہے کہ مالی فراڈ اور بینکوں و مالیاتی اداروں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments