گورنر پنجاب نے سیلاب متاثرین میں 26 گھروں کی چابیاں تقسیم کردیں
چنیوٹ:(دنیا نیوز) پنجاب کے علاقے چنیوٹ میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے 2025 کے سیلاب متاثرین میں 26 گھروں کی چابیاں تقسیم کردیں۔
سردار سلیم حیدر خان نے سیلاب سے متاثرہ موضع ساہمل کے متاثرین میں 26 نئے گھروں کی چابیاں تقسیم کیں، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا اور غریب عوام کے مسائل کو سمجھا۔
اُنہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی بنوانا پاکستان پیپلز پارٹی ہی کی ترجیح ہے جب کہ سیلاب متاثرین کے دکھ اور درد کو بھی پیپلز پارٹی سمجھتی ہے، اگر چڑیا کا گھونسلہ گر جائے تو دکھ ہوتا ہے، تو جس انسان کا گھر سیلاب میں بہہ جائے اس کے درد کو بھی سمجھنا چاہیے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت ماں کی طرح ہوتی ہے، اسے لوگوں کو دلاسہ دینا اور ان کے مسائل و مشکلات کو سمجھنا چاہیے، سیلاب متاثرین کی مشکلات کم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ مہنگائی کے باعث آج غریبوں کے چولہے نہیں جل رہے، پیپلز پارٹی غریبوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں کفایت شعاری کے نام پر چوکیدار اور چپڑاسی نکال دیتی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ زیادہ تنخواہیں لینے والوں کو نکالا جائے اور غریبوں کے چولہے جلائے جائیں۔
دوسری جانب گورنر پنجاب نے اپنی گفتگو میں دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی غریبوں کی جماعت ہے۔
واضح رہے کہ موضع ساہمل 2025 کے سیلاب میں دریائی کٹاؤ کے باعث شدید متاثر ہوا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments