طاقت کی بنیاد پر مسلط ہونے کی سیاست نہیں چلے گی: فضل الرحمان
لاہور: (دنیا نیوز) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صوبے یا یونٹس بنانے پر بحث ہونی چاہئے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم صوبے بنانے کے خلاف نہیں، وقت اور حالات دیکھ کر فیصلہ کرنا چاہئے، سیاسی جماعتوں کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی صرف سندھ کی حد تک بات کرتی ہے، مسلم لیگ ن اس معاملے پر خاموش ہے، مولانا کا مزید کہنا تھا دو قومی نظریے کی بنیاد پر ایک قوم نہیں بنا سکے، طاقت کی بنیاد پر مسلط ہونے کی سیاست نہیں چلے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم دو قومی نظریے کی بنیاد پر ایک قوم نہیں بناسکے، یہاں لسانیت کی بنیاد پر فسادات کرائے گئے، ہم نے پاکستان کی اساس بیرونی قرضوں پر رکھی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ نوآبادیاتی نظام ختم ہوچکا لیکن بین الاقوامی ادارے آج ہمارے ملک کا فیصلہ کرتے ہیں، آج ہم ورلڈ بینک، آئی ایم ایف کے قرضوں کے محتاج بنادیے گئے، ہماری معیشت کی پالیسیاں وہ طے کریں تو یہ نوآبادیاتی نظام کی ہی ایک شکل ہے۔
سربراہ جمعیت علماء اسلام کا کہنا ہے کہ یہ عوام کا ملک ہے یہاں عوام نے رہنا ہے، ملک امن و امان سے طاقتور ہوتا ہے، یہاں تقسیم در تقسیم ہے، امت مسلمہ کو تقسیم کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کے غریب انسان کو عزت کی زندگی دینا چاہتے ہیں، اشرافیہ کی سیاست اور جابرانہ سیاست نہیں چلے گی، طاقت کی بنیاد پر مسلط ہونے کی سیاست نہیں چلے گی، ہم نے توہین رسالت کے قانون کے خلاف تمام تحریکوں کوناکام بنانا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments