آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا محافظ ہے: وزیراعظم کا یوم جمہوریہ پر پیغام

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان آج اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر عالمی یومِ جمہوریت منا رہا ہے، وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عالمی یوم جمہوریہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ یہ دن جمہوریت کے بنیادی اقدار، مساوات، انصاف اور آزادی کا فروغ، عوامی رائے کا احترام، انسانی وقار کا تحفظ اور قانون کی بالادستی سے وابستگی کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

محمد شہبازشریف نے کہا کہ جمہوری نظام حکومت میں اختیارات عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے عوامی بہبود کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں، پارلیمان ملک کا مرکزی جمہوری ادارہ ہے جو عوام کی نمائندگی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان ریاست اور شہریوں کے مابین تعلق کو قانونی شکل میں بیان کرتا ہے، آئین کا آرٹیکل 25 ہر شہری کے مساوی حقوق اور قانون کی نظر میں برابری کی ضمانت فراہم کرتا ہے، قومی سطح پر آئین پاکستان، وفاق کی تمام اکائیوں، قومی اداروں کے باوقار مقام اور نظم و نسق کو متعین کرتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کا وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام، مفاد عامہ اور اسلامی اساس کے مطابق قانون سازی کا اختیار دیتا ہے، عصر حاضر کے بدلتے تقاضوں کی پیش نظر عوامی امنگوں اور عوامی ضروریات کے مطابق قوانین وضع کرنا پارلیمنٹ کے فرائض میں شامل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ موجودہ دور کے چیلنجز کا مؤثر طور پر مقابلہ کرنے اور ایک خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ہم عوامی فلاح کی ضامن بنیادی جمہوری اقدار کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔

محمد شہبازشریف نے کہا کہ آئینِ پاکستان قومی زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کا واضح عزم کا اظہار کرتا ہے، وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں خواتین کے لئے مخصوص نشستیں خواتین کی مؤثر نمائندگی کے لئے مقرر کی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ریاست اقلیتوں کے حقوق و فرائض اور مفادات کے تحفظ کی پابند ہے، وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں غیر مسلم اقلیتوں کے لیے بھی مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا ادراک رکھتا ہے اور جمہوری اصولوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، اقوام متحدہ کے متعین کردہ پائیدار ترقی کے اہداف بشمول جمہوریت کا فروغ، امن و انصاف اور مضبوط اداروں کے قیام کے لیے پاکستان مربوط کاوشیں کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئیے آج کے دن عہد کریں کہ ہم بہترین پارلیمانی روایات سے ہم آہنگ جمہوری اقدار کے فروغ، شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ملک کے لئے ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لئے مشترکہ سفر جاری رکھیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...