کراچی: مختلف مقامات پر مبینہ پولیس مقابلے، 4 ملزمان ہلاک، 6 زخمی حالت میں گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے 7 مختلف مقامات پر مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 ملزمان ہلاک جبکہ 6 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، گرفتار اور ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان، کار اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔
تیموریہ پولیس نے ڈی سی آفس بلاک این کے قریب لوٹ مار کی وارادت کے دوران شہری کو زخمی کر کے فرار ہونے والے 3 ملزمان دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گئے۔
ادھر سر سید پولیس نے سیکٹر نو کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ 2 ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔
سائٹ بی پولیس نے لیبر سکوائر چوک کے قریب مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، بوٹ بیسن پولیس نے دوران گشت شیریں جناح کالونی کے قریب کار سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، 2 ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
ابراہیم حیدری پولیس نے دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، سچل پولیس نے رند گوٹھ کے مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت ہو گرفتار کر لیا گیا۔
شارع نور جہاں پولیس نے کٹی پہاڑی کے قریب دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جبکہ ساتھی فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ گرفتار اور ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان، کار اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments