سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کیلئے ریڈ لائن ہے: مولانا طاہر اشرفی
مدینہ منورہ: (دنیا نیوز) پاکستان علماء کونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کیلئے ریڈ لائن ہے اور اس کے دفاع کیلئے پاکستانی عوام اور قیادت کا عزم غیر متزلزل ہے۔
مدینہ منورہ کی اسلامی یونیورسٹی میں فکری گمراہی اور انتہاپسندی کے انسداد کیلئے عالمی کوششوں کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ یمنی حوثی دہشت گرد ہیں، ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور ان کے پیچھے امت کے دشمن موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے دفاع کیلئے پاکستانی قوم اپنی اولاد، جان اور مال قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرے گی اس حوالے سے اللہ تعالیٰ اور سعودی قیادت کے ساتھ ہمارا عہد ہے۔
پاکستان علماء کونسل کے سربراہ نے سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے فکری گمراہی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments