سری لنکا سیریز اور ون ڈے ٹرائی سیریز کے میچ آفیشلز کا اعلان
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز جبکہ انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کی ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے میچ آفیشلز پینل کا اعلان کردیا۔
ون ڈے ٹرائی سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری جیف کرو فرائض سرانجام دیں گے، امپائرز کے پینل میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے احسن رضا اور شرفدولہ کے علاوہ آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل آفریدی اور ناصر حسین شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے امپائر وین نائٹس بھی ٹرائی سیریز میں امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ فائنل میں احسن رضا اور وین نائٹس آن فیلڈ امپائر جبکہ شرفدولہ تھرڈ امپائر ہوں گے، شرفدولہ اور وین نائٹس ٹرائی سیریز میں بالترتیب چار اور تین میچز میں تھرڈ امپائر کی ڈیوٹی بھی سرانجام دیں گے۔
ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی ایمرجنگ ریفری ڈین کوسکر ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ وہ راولپنڈی میں بطور ٹیسٹ ریفری ڈیبیو کریں گے۔ آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائرز روڈ ٹکر، ایڈرین ہولڈسٹاک اور الاہودین پالیکر ٹیسٹ سیریز میں آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔
پالیکر اور روڈ ٹکر پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں بالترتیب تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میچ ریفریز سے تعلق رکھنے والے علی نقوی کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔ راشد ریاض، ناصر حسین اور فیصل آفریدی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آن فیلڈ اور تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے، جبکہ طارق رشید تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں فورتھ امپائر ہوں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہوگی۔ ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ 9 سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہوں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments