چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس سکیم ابتدائی مرحلے میں ہے: ایف بی آر

اسلام آباد :(دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر نے) کہا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس سکیم اس وقت ابتدائی مرحلے میں ہے، جس کے تحت تاجروں کو رجسٹریشن کے عمل میں درپیش عملی اور تکنیکی مشکلات کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق حکومت پاکستان اور ایف بی آر تاجر برادری، مارکیٹ نمائندگان اور مختلف تجارتی تنظیموں سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اسکیم پر عملدرآمد کو آسان، شفاف اور تاجروں کے لیے سہولت پر مبنی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کہ تاجر برادری کی جانب سے موصول ہونے والی آراء اور تجاویز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ رجسٹریشن کے دوران سامنے آنے والی حقیقی مشکلات کو دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایف بی آر کا تاجروں سے کہنا تھا کہ رجسٹریشن کے دوران کسی بھی قسم کی تکنیکی دشواری یا مسئلے کی صورت میں براہ راست ایف بی آر سے رابطہ کریں۔

حکام نے کہا کہ خصوصی ٹیکس اسکیم چھوٹے دکانداروں کو آسان اور سہولت پر مبنی طریقہ کار کے ذریعے ٹیکس نظام کا حصہ بننے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سکیم کا مقصد چھوٹے تاجروں کے لیے کاروباری امور میں آسانی پیدا کرنا اور ٹیکس معاملات میں زیادہ یقین دہانی فراہم کرنا ہے۔

ایف بی آر نے امید ظاہر کی ہے کہ تاجر برادری اور تجارتی تنظیموں کے مسلسل تعاون سے خصوصی ٹیکس اسکیم اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...