جلد لیوی ختم اور پٹرول سستا کرائیں گے: حافظ نعیم الرحمٰن

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بہت جلد پٹرولیم لیوی ختم اور پٹرول سستا کرائیں گے۔

کراچی میں الخدمت کراچی کے تحت ایکسپو سینٹر میں منعقدہ کراچی یوتھ سمٹ 2026 میں حافظ نعیم الرحمٰن کی آمد پر شاندار استقبال کیا گیا، اس موقع پر آتش بازی کی گئی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

اُنہوں  نے یوتھ سمٹ کے شرکاء کے ہمراہ کھڑے ہوکر قومی ترانہ بھی پڑھا، کراچی یوتھ سمٹ کا انعقاد 29 ستمبر کو ایکسپو سینٹر کراچی میں کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کراچی کے نوجوانوں کو کامیاب یوتھ سمٹ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کراچی یوتھ سمٹ امید کا پیغام ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن تھا کہ ملک میں حکومتی کارکردگی اور گورننس کو دیکھ کر پریشانی ہوتی ہے جب کہ معاشرے میں ایک طرف اشرافیہ اور دوسری طرف عام عوام ہیں اور دونوں طبقات کے درمیان بہت بڑا فرق موجود ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کی آمدن سے براہ راست ٹیکس وصول کیا جاتا ہے، بجلی کے بلوں اور پٹرول پر بھی مختلف ٹیکس عائد ہیں، عوام پر پٹرولیم لیوی کے نام پر اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے اور فی لیٹر پٹرول پر 136 روپے تک ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومت اور ریفائنری مافیا پر عوام کے ساتھ فراڈ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ صبح و شام عوام پر پٹرولیم لیوی کے نام پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے، اشرافیہ کو بجلی اور پٹرول کے بڑھتے اخراجات کا وہ اثر نہیں ہوتا جو عام آدمی کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے بعد بھی عوام پر مزید بوجھ ڈالا گیا، انہوں نے پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کے لیے نئے طیارے کی خریداری اور 607 بلٹ پروف گاڑیوں کے ٹینڈر کا بھی حوالہ دیتے ہوئے حکومتی اخراجات پر تنقید کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ دار طبقے نے ایک سال میں 700 ارب روپے ٹیکس ادا کیا، جبکہ ان کے دعوے کے مطابق جاگیرداروں اور وڈیروں نے اسی عرصے میں 12 ارب روپے ادا کیے۔

امیر جماعت اسلامی نے ایف بی آر میں 1300 ارب روپے کی کرپشن کا دعویٰ بھی کیا، تاہم ان اعداد و شمار کی آزادانہ تصدیق اس بیان میں فراہم نہیں کی گئی، ملک میں واضح طور پر دو طبقات موجود ہیں اور ایسی صورتحال میں مؤثر آواز اٹھانا ضروری ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں جاگیردار اور وڈیرے موجود ہیں جبکہ آئل مافیا اور بینک مافیا ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں،انہوں نے آئی پی پیز کے معاملات پر بھی تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ حکومتی افراد کے مفادات ان شعبوں سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خاندانوں اور شخصیات کی سیاست بہت ہوگئی لیکن عوام کو مطلوبہ فوائد نہیں مل سکے، جماعت اسلامی ان مافیاز سے آزاد ہے اور اعلان کیا کہ بہت جلد عوام کو خوشخبری دیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پٹرولیم لیوی ختم کروائیں گے اور پٹرول کی قیمت بھی کم کریں گے، جماعت اسلامی اس سے قبل بھی پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے احتجاجی مہم اور لانگ مارچ کا اعلان کر چکی ہے۔

نوجوانوں کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ گزشتہ تین برس کے دوران آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے میدان میں انقلاب آیا ہے اور جماعت اسلامی بھی اس شعبے پر کام کر رہی ہے، نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق کورسز کرائے جا رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری سطح پر شہریوں کو ملازمتیں نہیں دی جاتیں اور سرکاری ملازمتوں میں تعصب کا مظاہرہ کیا جاتا ہے، نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی کمپنیاں قائم کریں اور دوسروں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...