سینٹ پیٹرزبرگ کے تاریخی بریمر ہاؤس میں خوفناک آتشزدگی، 2 ہزار مربع میٹر رقبہ متاثر

ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے تاریخی مرکز میں واقع بریمر ہاؤس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تقریباً 2 ہزار مربع میٹر رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

روسی وزارتِ ہنگامی حالات کے مطابق ایڈمرلٹی ڈسٹرکٹ میں سینٹ آئزک اسکوائر کی عمارت نمبر 3 میں آگ لگنے کی اطلاع یکم اکتوبر کو مقامی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 11 منٹ پر موصول ہوئی۔

حکام نے بتایا کہ آگ ایک غیر آباد عمارت میں لگی اور تیزی سے مختلف حصوں تک پھیل گئی۔ آگ کی شدت بڑھنے کے بعد واقعے کی ہنگامی سطح بھی بڑھا دی گئی۔

آگ بجھانے کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی شروع کی گئی، جس میں 125 اہلکاروں اور 25 فائر انجنوں اور دیگر خصوصی گاڑیوں نے حصہ لیا، متاثرہ تاریخی عمارت کو بریمر ہاؤس کے نام سے جانا جاتا ہے، اسے معروف ماہرِ تعمیرات فرڈیننڈ ملر کے ڈیزائن کے مطابق 1872 میں تعمیر کیا گیا تھا۔

انتخابی طرزِ تعمیر میں بنائی گئی یہ عمارت کئی دہائیوں سے سینٹ پیٹرزبرگ کی سماجی اور ثقافتی زندگی کا ایک اہم تاریخی نشان سمجھی جاتی ہے، عمارت میں تعمیر و مرمت کا کام جاری تھا، جسے 2027 کے آخر تک مکمل کیا جانا تھا۔

کئی گھنٹوں کی مسلسل کارروائی کے بعد 2 اکتوبر کو رات 12 بج کر 40 منٹ پر فائر بریگیڈ نے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا، صورتِ حال قابو میں آنے کے بعد آگ کی ہنگامی سطح کو ممکنہ پانچ میں سے کم کرکے دوسرے درجے پر کردیا گیا۔

روسی وزارتِ ہنگامی حالات کے مطابق واقعے میں کسی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، متعلقہ اداروں نے آگ لگنے کی وجہ اور تاریخی عمارت کو پہنچنے والے مجموعی نقصان کا تعین شروع کر دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...