صومالیہ میں جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں ادیس ابابا پہنچ گئیں، وطن منتقلی کے انتظامات جاری
اسلام آباد:(دنیا نیوز) صومالیہ میں جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں ادیس ابابا پہنچ گئیں، پاکستان منتقلی کے انتظامات جاری ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کی میتیں پاکستان منتقل کرنے کے انتظامات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ تینوں پاکستانیوں کی میتیں تقریباً ایک گھنٹہ قبل ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا پہنچا دی گئی ہیں، ایتھوپین ایئرلائنز کا عملہ میتوں کے تابوتوں اور ضروری انتظامات کا جائزہ لے رہا ہے، جس کے بعد کراچی جانے والی پرواز کے ذریعے میتوں کی روانگی کی حتمی منظوری دی جائے گی۔
شہباز شریف کی ہدایت پر متعلقہ حکام میتوں کی پاکستان منتقلی کا عمل جلد مکمل کرنے کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں۔
وزیراعظم نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں سید کاشف عمر، احمد انصاری اور رفیع اللہ کی میتیں پاکستان واپس لانے کے لیے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی تھی۔
واضح رہے شہباز شریف نے گزشتہ روز مرحوم سید کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ان کے والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ حکومت تمام میتوں کی جلد پاکستان منتقلی کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments