سکیورٹی خدشات: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دفعہ 144 نافذ
پشاور: (دنیا نیوز) سکیورٹی خدشات کے پیش نظر خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے مختلف علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جنوبی وزیرستان لوئر، جنوبی وزیرستان اپر، ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع ٹانک میں آمدورفت اور مختلف اقسام کی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
جنوبی وزیرستان لوئر کے وانا اور اعظم ورسک میں لوڈر رکشوں، سنگل و ڈبل کیبن کارگو گاڑیوں، شہزور، مزدا، سوزوکی لوڈر اور ڈمپرز کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے، جو یکم اکتوبر رات 9 بجے سے 10 اکتوبر رات 9 بجے تک نافذ رہے گی۔
اِسی طرح اپر میں بھی لوڈر رکشوں، کارگو گاڑیوں، شہزور، مزدا، سوزوکی لوڈر، ٹریکٹر ٹرالی اور ڈمپرز کی آمدورفت پر پابندی عائد ہے، جو 3 سے 5 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک روڈ، کلاچی، ہتھالہ، کوٹ اٹل، گڑھ عبداللہ اور متعدد لنک روڈز پر آمدورفت محدود کردی گئی ہے، پابندی 4 سے 6 اکتوبر تک صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک نافذ رہے گی، جبکہ پوٹہ ہتھالہ بازار بھی بند رہے گا۔
ضلع ٹانک میں مختلف روٹس پر افراد، مسافر و کارگو گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے، جو 3 اکتوبر رات 9 بجے سے 5 اکتوبر دوپہر 12 بجے تک نافذ رہے گی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں، ہنگامی خدمات اور سکیورٹی فورسز کی اجازت سے ہونے والی ہنگامی نقل و حرکت کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments