قزاقوں کے ہاتھوں شہید سیکنڈ آفیسر کاشف عمر کی نماز جنازہ ادا، مقامی قبرستان میں تدفین
کراچی: (دنیا نیوز) صومالیہ میں بحری جہاز پر قزاقوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے سیکنڈ آفیسر کاشف عمر کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی۔
نماز جنازہ میں گورنر سندھ، امیر جماعت اسلامی کراچی سمیت مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صومالیہ میں بحری قزاقوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے سیکنڈ آفیسر کاشف عمر کی نماز جنازہ بفرزون میں ادا کرنے کے بعد جسد خاکی کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔
اس موقع پر قزاقوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے یاسر خان کا کہنا تھا کہ صحیح سلامت واپس آنے پر جہاں سکون ملا تو وہیں ساتھیوں کے کھونے کا غم بھی ہے۔
نماز جنازہ میں شریک امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے۔
واقعے میں شہید محمود انصاری اور رفیع اللہ کی نماز جنازہ گزشتہ روز ہی ادا کردی گئی تھی جبکہ قزاقوں کی فائرنگ سے زخمی عقیل خان، امین اور عثمان غنی کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments