ایم ٹی آنر 25 کے مزید 3 پاکستانی کریو ارکان بھی وطن واپس روانہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایم ٹی آنر 25 کے مزید تین پاکستانی کریو ارکان کی وطن واپسی کا اعلان کردیا۔

اسحاق ڈار کے مطابق عمران علی، حسین یوسف اور محمد یاسین آج ادیس ابابا سے کراچی پہنچیں گے، جہاں تینوں پاکستانی کریو ارکان اپنے اہلخانہ سے دوبارہ مل سکیں گے۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستانی سفیر نے تینوں کریو ارکان سے ملاقات کی اور انہیں ضروری سہولیات فراہم کیں، حکومت نے تمام پاکستانی کریو ارکان کی محفوظ وطن واپسی کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں کریو ارکان کی بحفاظت واپسی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے، انہوں نے ایم ٹی آنر 25 کے پاکستانی کریو ارکان کی بحفاظت واپسی میں معاونت کرنے والے تمام افراد اور اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

نائب وزیراعظم نے ایم ٹی آنر 25 کے تین پاکستانی کریو ارکان کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو ابدی سکون عطا فرمائے اور ان کے اہلخانہ کو صبر جمیل دے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سمندری راستوں اور بحری کارکنوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے عالمی تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بحری قزاقی کے خلاف عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...