روسی صدر ولادیمیر پوتن دو روزہ دورے پر ترکمانستان پہنچ گئے
ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے صدر ولادیمیر پوتن دولتِ مشترکہ کے سربراہی اجلاس اور بحیرۂ کیسپین سے متعلق ماحولیاتی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے ترکمانستان پہنچ گئے ہیں، روسی صدر کا یہ سرکاری دورہ دو روز تک جاری رہے گا۔
روسی صدر کو لے کر خصوصی صدارتی طیارہ ترکمان باشی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا، ہوائی اڈے کے قریب واقع آوازہ نیشنل ٹورسٹ زون میں بین الاقوامی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں، جن میں صدر پوتن شرکت کریں گے۔
دورے کے پہلے روز صدر ولادیمیر پوتن کی ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کے ساتھ دوطرفہ ملاقات طے ہے، ملاقات میں روس اور ترکمانستان کے تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر گفتگو متوقع ہے۔
روسی صدر میزبان ملک کی جانب سے منعقد کی جانے والی استقبالیہ تقریبات میں بھی شریک ہوں گے، ان تقریبات میں دولتِ مشترکہ اور ایران کے قومی کھانوں کا خصوصی میلہ اور ترکمان صدر کی جانب سے دیا جانے والا سرکاری عشائیہ شامل ہے۔
کریملن کے مطابق صدر پوتن ترکمانستان میں دولتِ مشترکہ کے سربراہی اجلاس میں شریک تمام رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ساتھ بھی سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات متوقع ہے۔
صدر ولادیمیر پوتن نے اس سے قبل تقریباً ایک سال پہلے ترکمانستان کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر انہوں نے ترکمانستان کی مستقل غیر جانب داری کی تیسویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی فورم ’’امن اور اعتماد، پائیدار مستقبل کے لیے مقاصد کا اتحاد‘‘ میں شرکت کی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments