کوئٹہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید، چار افراد زخمی
کوئٹہ:(دنیا نیوز) بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید جبکہ ایک پولیس اہلکار اور دو راہگیروں سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے کی حدود میں جوائنٹ روڈ پر واقعہ پیش آیا، جہاں پولیس اہلکار معمول کی ناکہ بندی اور مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف تھے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم گاڑی میں سوار افراد نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس اہلکاروں نے گاڑی کا تعاقب شروع کیا تو ملزمان نے مبینہ طور پر فائرنگ کر دی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تعاقب کے دوران جب گاڑی جوائنٹ روڈ پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس ٹیم کو نشانہ بناتے ہوئے سیدھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل نعمان موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل جنید اور کانسٹیبل خالد بھی زخمی ہوئے جب کہ سڑک پر موجود دو راہگیر عطا محمد اور حارث بھی گولیوں کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے، اس طرح واقعے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور چار افراد زخمی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، زخمی پولیس اہلکار خالد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں آپریشن تھیٹر منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔
دوسری جانب واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پائی جاتی ہے، پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری اور واقعے کی مزید تحقیقات سے متعلق تفصیلات تاحال فراہم نہیں کی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments