روسی انرجی ویک کا کل سے آغاز، عالمی توانائی کے مستقبل پر اہم مذاکرات متوقع
ماسکو: (شاہد گھمن) عالمی توانائی کے شعبے کا اہم بین الاقوامی فورم ’’روسی انرجی ویک 2026‘‘ کل 14 اکتوبر سے روسی دارالحکومت ماسکو میں شروع ہوگا، تین روزہ فورم 16 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
رواں سال فورم کا مرکزی موضوع ’’توانائی کے وسائل اور ٹیکنالوجی سے مستقبل کی خوشحالی تک‘‘ رکھا گیا ہے۔ فورم میں روس سمیت مختلف ممالک کے حکومتی نمائندے، توانائی کے وزرا، بڑی کمپنیوں کے سربراہان، سرمایہ کار، ماہرین اور نوجوان پیشہ ور افراد شرکت کریں گے۔
روسی انرجی ویک کے کاروباری پروگرام میں 30 سے زائد پینل سیشنز ہوں گے، جن سے 100 سے زیادہ مقررین خطاب کریں گے۔ پروگرام کو سات مرکزی موضوعات میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں تیل اور گیس کی عالمی منڈیوں میں تبدیلی، بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری، نئی توانائی، ماحولیات، توانائی کی کارکردگی، بین الاقوامی تعاون اور ماہر افرادی قوت کی تیاری شامل ہیں۔
فورم کا مرکزی پروگرام ماسکو کے تاریخی مانیژ سینٹر میں منعقد ہوگا، جبکہ توانائی کے جدید آلات اور ٹیکنالوجی کی نمائش گوستینی دوور میں لگائی جائے گی۔
افتتاحی روز 14 اکتوبر کو یوتھ ڈے منایا جائے گا، جس میں 1,500 سے زیادہ نوجوانوں کی شرکت متوقع ہے۔ فورم کے مرکزی کاروباری اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو منعقد ہوں گے۔
روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے روسی انرجی ویک کو توانائی کے شعبے کے مستقبل پر پیشہ ورانہ مکالمے کا ایک اہم عالمی پلیٹ فارم قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق فورم کا ایجنڈا توانائی کی صنعت کو درپیش موجودہ چیلنجز اور مستقبل کی ضروریات کی بنیاد پر مرتب کیا گیا ہے۔
روسی وزیر توانائی سرگئی تسیویلیوف کے مطابق فورم کے دوران اسٹیٹ کونسل کے انرجی کمیشن کا اجلاس اور موسم سرما کے لیے توانائی کے نظام کی تیاری سے متعلق آل رشین اجلاس بھی منعقد ہوگا۔
روسی انرجی ویک روسی حکومت، وزارت توانائی اور ماسکو حکومت کی معاونت سے منعقد ہورہا ہے، جبکہ روس کانگریس فاؤنڈیشن اس کا منتظم ہے۔ فورم کے دوران روایتی اور متبادل توانائی کے درمیان توازن، تکنیکی خودمختاری، عالمی توانائی کی سلامتی اور نئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments