شہنشاہ قوالی استاد نصرت فتح علی خان کا 78 واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے

فیصل آباد: (دنیا نیوز) شہنشاہ قوالی استاد نصرت فتح علی خان کا آج 78 واں یوم پیدائش منایا جارہا ہے۔

موسیقی کی دنیا میں ایسی آوازیں بھی ہوتی ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ بھی پھیکی نہیں پڑتیں بلکہ ہمیشہ زندہ رہتی ہیں، ایسی ہی آواز کے ساتھ موسیقی کی دنیا میں سحر طاری کیا استاد نصرت فتح علی خان کی آواز نے۔

موسیقی کی دنیا میں عالمی سطح پر شہرت حاصل کرنے والے لازوال فنکار نصرت فتح علی خان نے 13 اکتوبر 1948 کو پاکستان کے شہر فیصل آباد میں آنکھ کھولی۔

موسیقی کے ایک نامور گھرانے سے تعلق رکھنے والے نصرت فتح علی خان نے اپنے والد استاد فتح علی خان سے فنِ گائیکی کی تربیت حاصل کی اور اپنی محنت، لگن اور غیر معمولی صلاحیتوں کے بل بوتے پوری دنیا میں شہرت حاصل کی۔

استاد نصرت فتح علی خان کی آواز میں موجود درد، سوز اور روحانیت نے سامعین کے دلوں پر گہرے نقوش چھوڑے، ’’دم مست قلندر‘‘، ’’میرا پیا گھر آیا‘‘ اور ’’یہ جو ہلکا ہلکا سرور ہے‘‘ جیسی قوالیوں نے انہیں عوام میں بے پناہ مقبولیت عطاء کی۔

آج بھی ان کے مداح ان کی آواز میں گائی گئی قوالیاں، گیت اور غزلیں سن کر خوب محظوظ ہوتے ہیں۔

نصرت فتح علی خان نے روایتی قوالی کو عالمی موسیقی کے ساتھ جوڑ کر ایک نئی تاریخ رقم کی، ان کے فن کو دنیا کے مختلف ممالک میں سراہا گیا اور انہوں نے ثابت کیا کہ موسیقی کی زبان کسی سرحد، مذہب یا ثقافت کی پابند نہیں ہوتی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...