وزیراعظم کا پاکستانی ہنر مندوں کیلئے یورپ میں قانونی روزگار بڑھانے پر زور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے ساتھ محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کے عملی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں، پاکستانی ہنر مند کارکنوں اور پیشہ ور افراد کے لیے قانونی راستے کھولنے سے یورپی ممالک کی لیبر مارکیٹ کی ضروریات پوری ہوں گی۔

یورپی یونین کے کمشنر برائے داخلی امور اور مائیگریشن میگنس برونر نے اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ہجرت (مائیگریشن) اور نقل و حرکت (موبلٹی) کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، یہ شعبہ پاکستان یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان 2019 کے آٹھ اہم ستونوں میں سے ایک ہے۔

وزیراعظم نے کمشنر برونر کو ان کے پہلے دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہوئے یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا اور سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے غیر قانونی ہجرت کی روک تھام اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے قانون سازی میں اصلاحات، ادارہ جاتی استحکام، مؤثر کارروائی اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا ذکر کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غیر قانونی نقل مکانی روکنے کی کوششوں کے ساتھ محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کے عملی مواقع بھی فراہم کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہنر مند کارکنوں اور پیشہ ور افراد کے لیے قانونی راستے کھولنے سے نہ صرف یورپی ممالک کی لیبر مارکیٹ کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ غیر قانونی طریقوں اور سمگلنگ کے جال میں پھنسنے کے خطرات میں بھی کمی آئے گی۔

اس موقع پر کمشنر میگنس برونر نے حکومت پاکستان کے اقدامات اور فراہم کردہ تعاون کو سراہتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ کوششیں قانونی ہجرت کے راستے کھولنے اور پاکستان و یورپی یونین کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی لیبر موبلٹی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کریں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...