یورپی یونین کے سیٹلائٹ منصوبے کے منظوری کیلئے شراکت داروں کیساتھ مذاکرات
برسلز: (ویب ڈیسک) یورپی یونین کے امریکی سیٹلائٹ کمپنی سپیس ایکس پر انحصار کم کرنے کے لئے اپنے سیٹلائٹ منصوبے کی مسابقتی قوانین کے تحت منظوری جلد حاصل کرنے کے لیے اپنے شراکت دار اداروں لیونارڈو ایس پی اے، ایئربس ایس ای اور تھیلز ایس اے کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بلومبرگ نے اس معاملے سے آگاہ عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس منصوبے کو یورپی یونین کی جانب سے سپیس ایکس کے متبادل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ہونے والے مذاکرات میں اس منصوبے سے متعلق مسابقتی خدشات کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی، تاکہ منظوری کے لیے باضابطہ درخواست دینے سے قبل ممکنہ مسائل حل کئے جا سکیں۔
مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ متعلقہ کمپنیوں نے تاحال درخواست جمع نہیں کرائی، تاہم یورپی یونین کے حکام کو توقع ہے کہ وہ آئندہ چند ہفتوں میں ایسا کر دیں گی۔
پراجیکٹ برومو کے نام سے معروف اس منصوبے کو یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے ایک ممکنہ یورپی چیمپئن قرار دیا ہے، اس منصوبے کا مقصد ایسی کمپنی قائم کرنا ہے جو یورپ کو ایلون مسک کی سپیس ایکس سمیت امریکی سیٹلائٹ فراہم کرنے والے اداروں پر انحصار کم کرنے میں مدد دے سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments