نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے معاشی اہداف کی منظوری دیدی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے معاشی اہداف کی منظوری دیتے ہوئے گزشتہ مالی سال کی معاشی ترقی کی شرح پر نظرثانی کرکے 0.05 فیصد کمی کر دی۔
نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے مطابق مالی سال 2025-26 کی جی ڈی پی شرح نمو 3.65 فیصد مقرر کی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کی شرح نمو کا ابتدائی تخمینہ 3.70 فیصد تھا۔
کمیٹی کے مطابق ملکی معیشت کا حجم 450 ارب 40 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ ملک میں فی کس آمدن 1896 ڈالر ریکارڈ کی گئی، مالی سال 2025-26 میں پاکستان کی معیشت کا حجم 126.4 کھرب روپے اور فی کس آمدن 5 لاکھ 31 ہزار 897 روپے رہی۔
نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 میں زراعت کے شعبے کی شرح نمو 3.50 فیصد، خدمات کے شعبے کی شرح نمو 3.81 فیصد جبکہ صنعتی شعبے کی شرح نمو 3.34 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی میں معاشی شرح نمو 3.89 فیصد، دوسری سہ ماہی میں 4.31 فیصد جبکہ تیسری سہ ماہی میں 4.42 فیصد رہی۔
نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے مطابق مالی سال 2025-26 کی آخری سہ ماہی میں معاشی شرح نمو کم ہو کر 2 فیصد رہ گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments