پی ایم ڈی سی کے مقررہ تجربہ کے برعکس بھرتیوں کا معیار غیر قانونی قرار

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ایم ڈی سی کے مقررہ تجربہ کے برعکس بھرتیوں کے معیار کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

عدالت نے اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری کی بھرتیوں کے متنازع اشتہار کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ جاری کر دیا، جسٹس شیریں عمران نے ڈاکٹر سید شاہ رخ حسن رضوی سمیت 11 درخواست گزاروں کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری کی بھرتیوں کا عمل پی ایم ڈی سی ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے، پنجاب حکومت کے سروس رولز وفاقی قانون کے تحت مقررہ کم از کم پیشہ ورانہ معیار ختم نہیں کر سکتے، اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری کے لیے متعلقہ شعبے میں دو سالہ کلینیکل تجربہ اور دو تحقیقی مقالے لازمی ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزاروں کے وکیل کے مطابق محکمۂ صحت نے 22 اکتوبر 2025ء کو 8 آسامیوں پر ابتدائی بھرتی کے لیے اشتہار دیا، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے 27 فروری 2025ء کو نئے ضوابط جاری کیے۔

ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق پی ایم ڈی سی کے ضوابط کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایکٹ 2022ء کے تحت قانونی حیثیت حاصل ہے، اشتہار میں ایسے امیدواروں کو بھی بھرتی کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے جن کے پاس مطلوبہ تجربہ نہیں، متنازع اشتہار کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالتی فیصلے میں لکھا ہے کہ اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری سمیت تدریسی عہدوں پر تقرری کے لیے قابلیت اور تجربے کا تعین کیا گیا ہے، 8 نیورو سرجن بھرتی اشتہار میں مقرر کردہ معیار پی ایم ڈی سی کے 2025ء کے ضوابط سے مطابقت نہیں رکھتا، اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری کی بھرتیوں کے لیے پی ایم ڈی سی کے ضوابط 2025 کے مطابق اہلیت مقرر کی جائے۔

فیصلے میں لکھا ہے کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے اشتہار کو متضاد اہلیتی شرائط کی حد تک غیر قانونی قرار دیا جاتا ہے، اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری کے لیے متعلقہ شعبے میں دو سالہ کلینیکل تجربہ اور دو تحقیقی مقالے لازمی ہیں، پنجاب حکومت کے سروس رولز وفاقی قانون کے تحت مقررہ کم از کم پیشہ ورانہ معیار ختم نہیں کر سکتے لہٰذا اسسٹنٹ پروفیسر نیورو سرجری کی ابتدائی بھرتیوں اور ترقیوں کا مقررہ کوٹہ برقرار رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...